دہلی 18ستمبر (ایس او نیوز ایجنسی) راجستھان کے ٹونک ضلع کے 20 سال کے لیفٹ آرم اسپنرخلیل احمد نے ایشیا کپ 2018 میں ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا کی طرف سے ڈیبیوکیا ہے۔ انہیں روہت شرما نے کیپ سونپی۔ اس ٹورنامنٹ میں مستقل کپتان وراٹ کوہلی کوآرام دیا گیا ہے، لہٰذا روہت شرما 16 رکنی ٹیم کی کمان سنبھال رہے ہیں۔
ٹیم انڈیا میں واحد نیا چہرہ خلیل احمد ہیں، جن کی صلاحیت کو نکھارنے میں ٹیم انڈیا کے عظیم کھلاڑی راہل ڈراویڈ کا زبردست تعاون رہا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ خلیل احمد کی گیند بازی کی رفتار 148 کلومیٹرہے، جواپنے آپ میں شاندارہے۔
سچ کہا جائے تو ہندوستان کوظہیرخان کے بعد سے ایک عدد بائیں ہاتھ کے تیزگیندباز کی تلاش تھی، لیکن کوئی ایسا گیند بازنہیں مل رہا تھا، جوٹیم انڈیا میں اپنی جگہ یقینی کرسکے۔ حالانکہ جے دیوانادکٹ اوربریندرسرن کی ٹیم میں انٹری ہوئی، لیکن وہ بھی اس خالی جگہ کو بھرنے میں ناکام رہے۔ اب ہندوستانی سلیکٹروں نے نوجوان خلیل احمد پر بھروسہ جتایا ہے۔
ویسے ٹیم میں شامل ہونے پرخلیل نے بھی اپنے ارادے ظاہرکردیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "اب مجھے منتخب کیا گیا ہے، میں صرف ایشیا کپ ہی نہیں ہندوستان کے لئے زیادہ سے زیادہ میچ کھیلنا چاہتا ہوں۔ میں کم ازکم 10 سالوں تک کھیلنا چاہتا ہوں اورزیادہ سے زیادہ وکٹ حاصل کرنا چاہتا ہوں"۔